ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / محبوبہ مفتی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے بی جے پی لیڈر کے بھائی پر مقدمہ درج

محبوبہ مفتی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے بی جے پی لیڈر کے بھائی پر مقدمہ درج

Tue, 22 May 2018 22:54:17    S.O. News Service

سری نگر،22؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اُن لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے موصوفہ کے خلاف انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر کے بھائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا حمایت اور یکجہتی کے لئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ ناشائستہ بیان اور اس کے اظہار کا ڈھنگ کٹھوعہ ریپ معاملے کے پیچھے چھپی افسوسناک ذہنیت کا عکاس ہے۔ دریں اثنا ریاستی پولیس نے وزیر اعلیٰ کے خلاف انتہائی شرمناک زبان استعمال کرنے والے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر چودھری لال سنگھ کے بھائی چودھری راجندر سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پیر کے روز مطالبہ کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے بی جے پی لیڈر کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا محبوبہ مفتی کے خلاف بالکل ناقابل قبول زبان کا استعمال کیا گیا ہے۔ میں اس کی مذمت کرتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس سے گذارش کرتا ہوں کہ بدسلوکی کرنے والے اس شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

بتادیں کہ سوشل میڈیا پر ایک 25 سکینڈ طویل ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں بی جے پی کے سینئر لیڈر لال سنگھ کے بھائی کو ایک ریلی کے دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف انتہائی ناشائستہ زبان کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق لال سنگھ نے اتوار کے روز کٹھوعہ کے لکھن پور سے ہیرا نگر تک ایک پیدل ریلی نکالی جس کے دوران اُن کے بھائی نے وزیر اعلیٰ کے لئے انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔


Share: